عظمیٰ نیوز سروس
جموں ///ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل نے عوامی شکایات کے اَزالے اور مؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بلاک بھلوال کی پنچایت گھانک میں ایک خصوصی عوامی شکایات ازالہ کیمپ کا اِنعقاد کیا۔اس دوران موصوف نے کہاکہ تعمیر اتی پروجیکٹوں کی بر وقت تکمیل انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے آفیسران کو آپسی اشتراک سے کام کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔اِس موقعہ پر چیئرمین ڈی ڈی سی بھارت بھوشن،چیئرمین بی ڈی سی کلدیپ راج، ڈی ڈی سی ممبر جوگندر سنگھ کے علاوہ سرپنچ اور پی آر آئی کے دیگر نمائندے موجود تھے۔پنچایت گھر میں منعقد ہونے والے کیمپ میں بھلوال اور متھواڑ بلاکوں کے رہائشیوں نے شرکت کی جنہوں نے مختلف شعبوں میں پھیلے ہوئے متعدد مسائل اُٹھائے۔عوام کے تحفظات کے مختلف مسائل میں سے ایک ٹھیکیدار کی کارکردگی تھی جس کے لئے اُنہوں نے سخت احتسابی اقدامات کا مطالبہ کیا اور صحت سہولیات میں طبی عملے کی دستیابی سے متعلق مسائل کا بھی اِظہا رکیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو اِنفرادی شکایات بھی پیش کی گئیں جنہوں نے اُنہیں پوری توجہ کے ساتھ نوٹ کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِن معاملات کو فوری اور مؤثر اَنداز میں حل کریںعوامی نمائندوں نے موجودہ سیزن کے دوران اَکھنور روڈ کے جاری پروجیکٹوں کی وجہ سے رہائشیوں کو درپیش تکلیف کو اُجاگر کیا۔
اُنہوں نے اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بروقت تکمیل کو ترجیح دیں اور رُکاوٹ کو کم سے کم کریں۔مزید برآں، اے سی ایس کو کھیل میدانوں کی ترقی اور دیکھ دیکھ سے متعلق مطالبات کی طرف توجہ دِلائی گئی۔ جل جیون مشن اور اس کی عمل آوری سے متعلق مسائل نے عوام کے خدشات کا ایک اور اہم حصہ تشکیل دیا۔ رہائشیوں نے جے جے ایم کے کاموں کی انجام دہی ، صورتحال میں درپیش رُکاوٹوں اور زمین کے استعمال کی تبدیلی اور ’’ کھاد میپنگ ‘‘سے متعلق مسائل کے حوالے سے خدشات کا اِظہار کیا ۔ اِس کے علاوہ جل شکتی اوور ہیڈ ٹینکوں اور ٹیوب ویلوں سے متعلق شکایات نمایاں تھیں جس میں فوری مداخلت کی ضرورت کو اُجاگر کیا گیا۔عوام نے محکمہ تعمیراتِ عامہ کے کام کاج میں بہتری لانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔عوام کی طرف سے تعلیم سے متعلق ایک اہم مطالبہ علاقے میں ڈگری کالج کا قیام تھااور عوامی نمائندوں نے اے سی ایس پر زور دیا کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کریں۔چیئرمین ڈی ڈی سی بھارت بھوشن نے اِجتماع سے خطاب کیا اور عوام کے خدشات کو مؤثر طریقے سے دور کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے بالخصوص جے جے ایم، ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی ای سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں بہتری سے متعلق مطالبات کی تائید کی۔آر کے گوئیل نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی رسائی کی کوششوں کے کردار کو تسلیم کیا اور ان کی شکایات پر مناسب توجہ دینے کی یقین دہانی کی ۔ اُنہوں نے ریونیو سے متعلق مسائل کا نوٹس لیا اور فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے عوامی خدمات کو بروقت فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور عوام کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کی یقین دہانی کی تاکہ اُٹھائے گئے تمام معاملات کے حل کو یقینی بنایا جاسکے۔اِس موقعہ پر موجود اے ڈی سی سندیپ سیونترا، چیف پلاننگ آفیسر اتم سنگھ، اے سی ڈی پریتی شرما کے علاوہ ضلعی افسران اور سرکاری عملہ موجود تھا