محمد تسکین
بانہال// پرنسپل گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بانہال کے پرنسپل شبیر احمد تانترے ساکنہ نوگام بانہال کے والد حاجی احد اللہ تانترے رحلت کر گئے ہیں۔ مرحوم 89برس کے تھے ۔ ان کی رحلت پر مختلف ادبی ، علمی ، سماجی اور ملازم تنظیموں نے مرحوم حاجی احد اللہ تانترے کی رحلت پر پرنسپل شبیر احمد تانترے سے تعزیت پرسی کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائیں کی گئی۔ مرحوم احد اللہ تانترے کی صحت ناساز تھی اور علالت کے بعد گزشتہ رات خالق حقیقی سے جاملے۔مرحوم حاجی احد اللہ تانترے کو 2000 کی دہائی میں اپنے چھوٹے بیٹےکے عسکریت سے وابستہ ہونے کی وجہ سے تنگ و طلب کیا جانا اور پکڑ کر لیجانا معمول تھا اور انہوں نے اس ناساز گار حالات کے پیش اپنے آبائی گاوں نوگام سے قصبہ بانہال میں کئی سالوں تک عارضی طور ہجرت اختیار کی تھی۔ مقامی شاعر، ادیب ، مصنف ، مورخ اور صدر سنگلاب ادبی مرکز، لیکچرار شبیر حسین شبیر نے کشمیر عظمی کو بھیجی ایک تحریر میں لکھا کہ مرحوم احد اللہ تانترے معروف کشمیری شاعر اور 11سال تک کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ کشمیری کے سربراہ مرحوم مرغوب بانہالی کے ہم جماعت رہے ہیں ۔ مرحوم احد اللہ تانترے صوم و صلوٰۃ کے پابند اور اخلاق حسنہ کے مالک تھے ۔ مرحوم نے محکمہ شیپ ہسبینڈری میں اپنی سروس کے دوران کم و بیش پوری ریاست کو بہت ہی قریب سے دیکھا – سرکاری ملازمت کے دوران انھوں نے نہایت ہی دیانت داری سے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ شبیر حسین شبیر نے لکھا کہ ’’ 2005 کے فروری ماہ میں جب علاقے میں برفانی طوفان نے ہمارے علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لیا تو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ہزاروں مسافر درماندہ ہو کر رہ گئے اس وقت علاقہ کے تمام لوگوں نے حسب روایت آگے آ کر ان سواریوں کو اپنے گھروں میں پناہ دی اور اہم انسانی فریضہ انجام دیا ، اس وقت مرحوم احد اللہ تانترے کے گھر میں بھی درماندہ مسافر موجود تھے اور جب انتہائی سخت سردی میں گرمائش اور کھانے پکانے کے لئے لکڑیاں ختم ہوئیں تو اس وقت ان درماندہ مسافر وں سے احد اللہ تانترے نے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اگر لکڑیاں ختم ہوئیں تو مکان کی دوسری منزل کے لئے جو دروازے اور کھڑکیاں میں نے بنوا کے رکھی ہیں تو ان کو لاکر درماندہ مسافروں کی کانگڑیوں کے آگ کے لئے استعمال میں لائیں گے حالانکہ اس کی نوبت تو نہ آئی مگر یہ بات نوگام ، خیرکوٹ ، دناڑ اور وادی سنگلاب کے دیگر مضافاتی گاؤں دیہات کے لوگوں کی میزبانی کی ایک مثال کے طور پوری ریاست میں پھیل گئی اور ریڈیو ، ٹی وی اور اخبارات اس مثال کی سراہنا کی ‘‘۔صدر سنگلاب ادبی و تحقیقی مرکز شبیر حسین شبیر نے پرنسپل گورئمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بانہال شبیر احمد تانترے کے والد محترم کی رحلت پر شبیر تانترے اور پورے کنبے سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں برابر شریک ہیں ۔ اس کے علاؤہ اسائذہ ، ملازمین اور سول سوسائٹی نے احد اللہ تانترے جی رحلت پر ان کے بیٹے شبیر احمد تانترے سے تعزیت کی ہے اور اللہ رب ذوالجلال سے مرحوم کیلئے جنت الفردوس میں جگہ کی درخواست کی ہے ۔