اشفاق سعید
سرینگر // وادی میں زراعت سیکٹر کو محفوظ بنانے کیلئے رواں سال یو ٹی بھر میں شروع کی گئی پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا سکیم کے دائرے میں ابھی تک وادی کے 50ہزار 7سو 54کسانوں کو لایا جا چکا ہے ۔یاد رہے کہ ملک کی 27ریاستوں اور زیر انتظام علاقوں میں پردھان منتری فصل بیمہ سکیم سال2016میں شروع کی گئی تھی،تاکہ چھوٹے درجہ کے کسانوں کو فائدہ مل سکے۔اس سے قبل جموں وکشمیر میں اس سکیم کا اطلاق صرف 4اضلاع میں ہوا تھا جس میں جموں ، سانبہ ، ادھمپور اور اننت ناگ شامل ہیں ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ ایگریکلچرسیکٹر میں سال2022میں جموں ضلع میں26,301کسانوں کی 13.76ہیکٹر ارضی کو انشورنس کے دائرے میں لایا گیا تھا ۔جبکہ سانبہ میں8,393کسانوں کی 4.24 ہزار ہیکٹراراضی ،ادھمپور میں8,705کسانوں کی 3.49 ہزارہیکٹر زرعی اراضی اور اننت ناگ میں 1.23 ہزارہیکٹر اراضی پر پھیلی فصل کو دائرے میں لایا گیا۔ فروری کے مہینے میں انتظامیہ نے تمام اضلاع میں وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا کے نفاذ کا اعلان کیا تھا ۔
سرکاری طور پر بتایا گیا کہ اس بیمہ کے لاگو ہونے سے کسانوں کو موسمی بے رخی سے ہورہے نقصان کی بھر پور انداز میں بھر پائی ہوگی۔اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس کا اعلان کرتے ہوے کہا کہ یہ سکیم قدرتی آفات اور غیر موسمی بارشوں سے پیدا ہونے والے فصلوں کے نقصانات کے خلاف جامع کوریج فراہم کرے گی۔اس سکیم کے شروع ہونے کے بعد ایگریکلچرل شعبہ کے ساتھ منسلک کسانوں کو گرمیوں کے موسم کیلئے مکئی اور دھان کی فصل کے انشورنس کیلئے پوٹل دستیاب رکھا گیا۔محکمہ ایگریکلچر کا کہنا ہے کہ ابھی تک وادی کشمیر کے 50ہزار 7سو 54کسان اس دائرے میں لائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اننت ناگ میں 6546کسان ، بانڈی پورہ میں 2456 ، بارہمولہ میں 10311، بڈگام میں 9020،گاندربل میں 2192 ، کولگام میں 2972 ، کپوارہ میں 11410، پلوامہ میں 3408 ،شوپیان میں 731 اور سرینگر میں 1708کسان پوٹل پر درج ہوئے ہیں۔ ان اضلاع کی 8.76ہزار ہیکٹر اراضی کو انشورنس کے دائرے میں لایا گیا ہے ۔