سمت بھارگَو
راجوری//بڈھال گاؤں کے پانچ مریض، جو حالیہ دنوں پراسرار حالات میں بیمار ہوئے تھے، کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری میں کامیابی سے علاج کے بعد صحت یاب کیا گیا ہے۔یہ پانچ مریضوں میں ایک سالہ بچہ سلطان احمد بھی شامل ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے پرنسپل، ڈاکٹر امرجیت سنگھ بھاٹیہ نے بتایا کہ جی ایم سی راجوری اس بحران جیسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے کہا کہ بڈھال گاؤں کے نو مریضوں کو خراب صحت کی حالت میں جی ایم سی راجوری میں داخل کیا گیا تھا، جن میں سے چار مریض بدقسمتی سے انتقال کر گئے تاہم، پانچ دیگر مریضوں کو ڈاکٹروں کی کوششوں سے بچا لیا گیا اور وہ اب معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ صحت یاب ہونے والے مریضوں میں سلطان احمد نامی ایک سالہ بچہ بھی شامل ہے، جو اب مکمل طور پر صحت مند ہے۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت اور جی ایم سی کی جانب سے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر حکومت اور حکومت ہند نے اس صورتحال پر فوری ردعمل دیا اور قومی سطح کے مشہور اداروں کو تحقیقات میں شامل کیا۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی نگرانی میں مزید ٹیمیں اور قومی سطح کے ماہرین راجوری پہنچے ہیں تاکہ اس معاملے کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔موصوف نے کہاکہ ’’ مختلف ٹیمیں مختلف پہلوؤں پر کام کر رہی ہیں اور پانی، کھانے اور دیگر متعلقہ مواد کے تازہ نمونے حاصل کئے گئے ہیں۔ ایس او پی کے مطابق جارحانہ تحقیقات جاری ہیں‘‘۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور صحت کے مسائل یا علامات کی صورت میں فوراً قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جی ایم سی راجوری اور ماہرین کی ٹیم عوام کی صحت کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔