عاصف بٹ
کشتواڑ//خطہ چناب میں گزشتہ کئی ماہ سے ہورہے زلزلوں سے متعدد سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلع کشتواڑ کے علاقہ سرتھل میں قایم پرایمری سکول انگارہ کی عمارت خستہ ہوچکی ہے اور یہ عمارت کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں کے دوران زلزلے کے جھٹکوں سے سکول کی عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور سکول کی عمارت غیر محفوظ ہوچکی ہے۔ جہاں سکول کے کمرے کو اس سے قبل بھاری بارشوں کے سبب نقصان پہنچاتھا اوربنیاد کمزور ہوچکی تھی وہیں اب حال ہی میں زلزلوں سے دیواروں میں بڑی دراڑیں پڑگیئی ہیںجبکہ اسکے ستونوں کو بھی نقصان پہنچاہے۔ علاقے کے سبھی بچے اسی سکول میں زیرتعلیم ہیں اور وہ اسکی حالت سے کافی پریشان ہیں۔مقامی شخص لال دین نے بتایا کہ اس سکول کی عمارت مکمل طور خستہ ہوچکی ہے اور کسی بھی وقت گرسکتی ہے ،انہیں ڈر ہے کہ وہ اپنے بچوں کی زندگیوں سے کہیںہاتھ نہ دھوبیٹھیں۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ سکول کی حالت کو بہتر بنایاجائے یاپھر متبادل تک سکول کو کسی دوسری جگہ منتقل کیاجائے تاکہ بچوں کی زندگی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔