کشتواڑ //ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما نے کشتواڑ حلقے کے دورے کے دوران پدیارنا پُلر سڑک کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اسے نبارڈ سکیم کے پہلے مرحلے کے تحت 2.76 کروڑ روپے جبکہ دوسرے مرحلے کے تحت 15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ کشتواڑ حلقے میں ہر طرف سخت پہاڑی راستے دیکھنے کو ملتے ہیں اور کئی بستیاں ابھی بھی سڑک رابطوں سے محروم ہیں اور موجودہ حکومت نے اپنا عنانِ اقتدار سنبھالنے کے بعد ہی علاقے میں کئی سڑک پروجیکٹ منظور کئے تا کہ لوگوں کو عبور و مرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔ وزیر نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے سے مقامی لوگوں کی دیرینہ مانگ پوری ہو گی ۔ مقامی لوگوں نے اس کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔