وارانسی (اتر پردیش) // وادی کشمیر میں سنگبازی کے واقعات پر قابو پانے کو ناممکن قرار دیتے ہوئے فوجی سربراہ جنرل بپن راوَت نے کہا ہے کہ ایسے واقعات پر مکمل روک لگانے کیلئے ہمہ رُخی حکمت عملی کے تحت فوج، پولیس اور نیم فوجی دستے قریبی تال میل کے ساتھ کام کررہے ہیں۔وارانسی اتر پردیش میںجنرل راوَت نے کہا کہ وادی میں سنگبازی کے واقعات میں کچھ حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور ایسی وارداتوں کو آناً فاناً قابو نہیں کیا جاسکتا،فوج، سرحدی حفاظتی فورس، سی آر پی ایف اور مقامی پولیس مل کر کام کررہے ہیں، تاکہ ایسے واقعات پر مکمل طورقابو پایا جاسکے، لہٰذا یہ کہنا درست نہیں ہے کہ جموں کشمیر میں پتھرائو کی وارداتیں پھر سے بڑھ رہی ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ایسے واقعات قابل ذکر حد تک کم ہوئے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ہمیں کامیابی مل رہی ہے، ایسے مسائل راتوں رات حل نہیں ہوتے، ہمیں اس کیلئے ہمہ رُخی حکمت عملی اختیار کرنی ہے ، حکومت کا اس بارے میں اپنا موقف ہے اور انٹیلی جنس و سیکورٹی ایجنسیوں جیسے دیگر ادارے قریبی تال میل کے ذریعے اپنے پیشہ وارانہ طریقے پر کام کررہے ہیں‘‘۔فوجی سربراہ نے کہا ’’مرکزی حکومت اور خفیہ ایجنسیاں ریاستی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کوششیں کررہی ہیں، اگر معاملات اسی سمت میں چلتے رہے تو میں یہ یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم ضرور کامیاب ہونگے‘‘۔