اسلام آباد // پاکستان میںلاہور کی پولیس نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ دنوں کاہنہ کے علاقے میں ایک خاتون اور ان کے تین بچوں کا قاتل خاتون کا 18 سالہ بیٹا ہی نکلا ہے جو ’پب جی‘ گیم کھیلنے کا عادی تھا۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دعویٰ کیا ہے 18 سالہ بیٹے نے گھر میں موجود پستول سے اپنی والدہ، چھوٹے بھائی اور دو بہنوں کو قتل کیا اور ’ٹاسک مکمل کرنے کے بعد‘ گھر کی زیریں منزل پر آ کر سو گیا۔یاد رہے کہ لاہور میں خاتون اور ان کے تین بچوں کے قتل کا واقعہ 19 جنوری کو پیش آیا تھا۔پنجاب پولیس ترجمان کے مطابق ’دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ ’پب جی‘ گیم میں بار بار شکست کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ میں تھا اور اس نے یہ سوچ کر اپنے بھائی، بہنوں اور والدہ پر گولیاں چلائیں کہ گیم کی طرح یہ سب لوگ دوبارہ زندہ ہو جائیں گے۔‘پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تدفین کے بعد سے ملزم اپنی حقیقی خالہ کے گھر فیصل آباد کے قریب گاؤں میں رہ رہا تھا اور پولیس تحفظ کی یقین دہانی کے باوجود وہ منظر عام سے غائب رہا۔