سرینگر//قانون ساز اسمبلی کی پبلک انڈر ٹیکنگز کمیٹی کا اجلاس کل یہاں ست پال شرما کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سماجی بہبود محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں شیڈول کاسٹ ، شیڈول ٹرائیب ، او بی سی اور وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے جُڑے سی اے جیز پر محکمہ کی جانب سے پیش کئے گئے ایکشن ٹیکن رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں ارکانِ قانون سازیہ جی ایم سروری ، عبدالمجید لارمی ، محمد خلیل بند ، راجیش گپتا ، راجیو شرما اور وکرم رنداوا نے شرکت کر کے محکمہ کو مزید فعال بنانے کیلئے اپنی تجاویز دیں ۔ کمیٹی نے محکمے کو این ایف بی ایس ایس سکیم کے تحت میرج اسسٹنس سکیم میں رہ گئے کنبوں کی نشاندہی کرنے کیلئے نئے سرے سے سروے کرنے کی ہدایت دی ۔ کمیٹی نے متعلقہ افسران کو ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کی ہدایت دی تا کہ لوگ ان کی جانکاری حاصل کر کے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں ۔ میٹنگ کے دوران کمیٹی ممبران نے سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ بیواو¿ں کو پینشن فراہم کرنے اور غریب لوگوں کو دیگر مالی سکیمیں فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں ۔ میٹنگ میں بیواو¿ں کے التوا میں پڑے پینشن کے معاملات نمٹانے پر بھی زور دیا گیا ۔ میٹنگ میں سیکرٹری قانون ساز اسمبلی ایم آر سنگھ کے علاوہ متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔