لاہور// پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بلے باز شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے پاس ورلڈ کپ اپنے نام کرنے کا اچھا موقع ہے ۔ برطانوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ہماری ٹیم میں ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت ہے لیکن ورلڈ کپ جیتنے کے لیے صلاحیت ہی کافی نہیں ہوتی بلکہ پرفارمنس بھی دکھانا پڑتی ہے ۔ہمارے پاس دنیا کے بہترین گیند باز اور بلے باز موجود ہیں اور میں ایک یادگار ورلڈ کپ کھیلنے کا خواہشمند ہوں۔ اپنے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے شعیب ملک نے کہا کہ ان کے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ہونے کا تعلق فٹنس سے نہیں ہے اگرچہ وہ اس کو بھی زیر غور لائیں گے ۔ان کے لیے یہ اہم ہے کہ وہ اپنے آخری میچ میں بھی پاکستان کے لیے پرفامنس دینے کی کوشش کریں ۔ان کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم 2020میں ان کے پسندیدہ فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی کاورلڈ کپ بھی کھیلاجائے گا۔ شاہد آفریدی کے ساتھ کھیلنے کے سوال پر شعیب ملک نے کہا کہ شاہد آفریدی اب بھی اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مجھے اس کھلاڑی کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا جو اپنی بیٹنگ اور بالنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ سے بھی میچ جتانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ بے تحاشہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بلے بازوں کی تکنیک پر اثرانداز ہونے کے سوال پر شعیب ملک نے کہا کہ موجود ہ دور کے بلے باز اپنی تکنیک کو ہر فارمیٹ کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔