اسلام آباد//پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے مسلح افواج کو بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کا اختیار دے دیا۔ وزیراعظم آفس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس وزیر دفاع، وزیر خارجہ، وزیر مملکت برائے داخلہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر سیکورٹی حکام شریک ہوئے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے مسلح افواج کو بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا موقع کی مناسبت سے بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بطور ریاست پلوامہ میں کسی طرح بھی ملوث نہیں ہے اور اس واقعے کی مقامی سطح پر منصوبہ بندی ہوئی اور عملی جامہ پہنایا گیا جب کہ پاکستان نے بھارت کو مذاکرات اور پلوامہ حملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے امید ہے بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دے گا۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرائے۔