نئی دلی// وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان خطے کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کے لئے کام کریگا۔ ایک انٹرویو میں نریندرمودی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی نئی حکومت خطے کو دہشت گردی سے پاک، محفوظ، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے کام کرے گی۔مودی کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لئے پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار کرنا بی جے پی کی ترجیحی پالیسی ہے جس پر ہم اپنی حکومت کے پہلے روز سے ہی اقدامات کر کے عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور چین ایک دوسرے کو بہتر طریقے سے سمجھ رہے ہیں اور لائن آف ایکچول کنٹرول پر تنازعہ ہونے کے باوجود بھی کبھی بھی ایک فائر بھی نہیں چلایا گیا ہے۔بھارت میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں بے گناہ افراد کی ہلاکتوں پرمودی کا کہنا تھا کہ یہ نہایت افسوسناک امر ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ مشتعل ہجوم کا کسی کو بھی قتل کردینا سنگین جرم ہے، اس کے سدباب کے لیے سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں قانون سازی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہجومی تشدد سے ہونے والی ہلاکتیں انتہائی افسناک ہیں اور ان واقعات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کا سدباب کرنے کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔