عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے پیر کے روز ہندوستان میں ملی ٹینٹوں کی دراندازی کی پاکستان کی مسلسل کوششوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسزملی ٹینسی کو کچلنے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ کچھ قانون ساز اب بھی پاکستان کیساتھ مذاکرات کی تجویز دیتے ہیں۔سنیل شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو پاکستان خود اپنی سرزمین کے اندر ملی ٹینسی کے شعلوں میں لپٹا ہوا ہے اور دوسری طرف دراندازی کے ذریعے ملی ٹینٹوںکو ہندوستان بھیجنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کل رات سے ہیرا نگر کے سانیال گاؤں میں تلاشی مہم میں مصروف ہیں اور کسی بھی خطرے کو بے اثر کرنے کے لیے وہاں تعینات ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان نے اپنے لے خندق کھودی ہے۔سنیل شرما نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں اورملی ٹینسی کو جڑوں سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جتنی زیادہ ملی ٹینٹوں کو یہاں بھیجنے کی کوشش کرے گا، ہماری سیکورٹی فورسز کا جواب اتنا ہی مضبوط ہوگا کہ وہ اس ملی ٹینسی کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں۔کچھ قانون سازوں پر تنقید کرتے ہوئے سنیل شرما نے ملی ٹینسی کی مسلسل دراندازی کے باوجود مبینہ طور پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کی وکالت کرنے پر نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ یہاں کے کچھ قانون ساز، خاص طور پر جب سے نیشنل کانفرنس کی حکومت آئی ہے، بار بار پاکستان کے ساتھ بات چیت کی تجویز پیش کرتے ہیں، کبھی مذاکرات کی وکالت کرتے ہیں، اور کبھی وہ بالواسطہ طور پر مختلف طریقوں سے پاکستان کی حمایت کرتے ہیں۔سنیل شرمانے کہاکہ ایسے عناصر جموں و کشمیر میں پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی ملی ٹینسی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، جس سے ایسے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔