یو این آئی
ایڈیلیڈ/حارث رؤف (پانچ وکٹ) اور شاہین شاہ آفریدی (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد صائم ایوب (82) اور عبداللہ شفیق (64 ناٹ آؤٹ) کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے جمعہ کو دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 141 گیندیں باقی رہتے نو وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری کر لی ہے ۔ 164 رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لئے 137 رن جوڑے ۔ 21ویں اوور میں ایڈم جمپا نے صائم ایوب کو ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ ایوب نے 71 گیندوں پر 82 رن کی اننگز کھیلی جس میں چھ چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے ۔ عبداللہ شفیق نے 69 گیندوں پر چار چوکے اور تین چھکے مارتے ہوئے (ناٹ آؤٹ 64) رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 15 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے ۔ انہوں نے جمپا کے اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کو فتح دلائی۔ پاکستان نے 26.3 اووروں میں ایک وکٹ پر 169 رن بنائے اور میچ نو وکٹ سے جیت لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم جمپا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔اس سے قبل حارث رؤف (پانچ وکٹ) اور شاہین شاہ آفریدی (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت پاکستان نے جمعہ کو آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں 35 اوور میں 163 کے اسکور پر ڈھیر کردیا۔ آج یہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی آسٹریلیائی ٹیم پاکستانی گیندبازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکی ۔ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 35 رنز اسٹیو اسمتھ نے بنائے ۔