ایجنسیز
اسلام آباد// پاکستان کے صنعتی شہر فیصل آباد میں جمعہ کی صبح ملِک پور کے نزدیک ایک فیکٹری میں خوفناک دھماکہ ہوا جس نے پورے علاقے کو دہلا دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے کی بنیادی وجہ گیس کا اخراج تھا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری سمیت ارد گرد کی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس المناک حادثے میں کم از کم 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ متعدد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔مقامی میڈیا کے مطابق دھماکہ صبح تقریباً 5 بج کر 28 منٹ پر اس وقت ہوا جب متعلقہ فیکٹری میں اچانک گیس جمع ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور پھر خوفناک دھماکے میں تبدیل ہو گئی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی جبکہ آس پاس کے کم از کم سات گھروں کی چھتیں اور دیواریں بھی گر گئیں۔ابتدائی طور پر یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ فیکٹری کے بوائلر پھٹنے سے حادثہ پیش آیا لیکن بعد میں فیصل آباد کمشنر آفس کی طرف سے جاری بیان میں اس کی تردید کی گئی۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ فیکٹری میں کوئی بوائلر موجود نہیں تھا۔ کمشنر آفس کے مطابق ملِک پور میں چار فیکٹریاں چل رہی تھیں، جن میں سے ایک میں گیس لیکیج کے باعث آگ بھڑکی، اور پھر یہ آگ دیگر فیکٹریوں اور رہائشی عمارتوں تک پھیل گئی۔ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق 20 سے زائد ایمبولنسیں، فائر ٹینڈر اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ سخت مشقت کے بعد ملبے سے 15 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ دس زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے تین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔