یو این آئی
کوئٹہ//پاکستان کے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہوئے زور دار دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی اور 50 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے ۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 24 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے ۔ریلوے حکام نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کی اور آگاہ کیا کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔حمزہ شفقات نے بتایا کہ دھماکے میں 24 افراد جاں بحق ہوئے ، دھماکے کے 17 زخمی سول ہسپتال کوئٹہ جبکہ 19 سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔قبل ازیں ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ بظاہر لگ رہا ہے دھماکا خودکش تھا، دھماکے کے وقت پلیٹ فارم پر 100 سے زائد افراد موجود تھے ۔پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے پر شدید الفاظ میں اظہار مذمت کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے پر اظہار مذمت کیا اور اعلیٰ انتظامی حکام سے رابطہ کرنے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ دھماکے کی نوعیت اور نقصانات کا تعین کیا جارہا ہے ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ چکے ہیں جبکہ واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے ۔