سرینگر//ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور نیشنل فرنٹ نے پاکستان کو اُس کے قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان ایک اہم پیش رفت تھی اور اس ملک نے مثبت طریقے سے پورے عالم اسلام پر اپنے نقوش مرتب کئے ہیں۔فریڈم پارٹی نے حکومت پاکستان،عوام،سیول سوسائٹی،سیاسی، سماجی و دینی جماعتوں اور افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ ملک مسلم اُمت کے تئیں اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں ہمیشہ کی طرح پیش پیش رہے گا۔ایک بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام کیلئے ہر دن ’’یوم پاکستان‘‘ ہے اوریہاں کے لوگ ہمیشہ اس ملک کی خوشحالی و ترقی کیلئے دعا گو رہتے ہیں۔بیان کے مطابق جب سے پاکستان نیوکلیائی طاقت بن گیا تب سے یہ دشمنوں کا ٹارگٹ رہا ہے۔ اس سے قبل بھی اس ملک کیخلاف سنگین سازشیں رچائی گئیں جن میں ایک اُس وقت کامیاب ہوگئی جب سقوط ڈھاکہ ہوا اور پاکستان کا مشرقی بازو ٹوٹ گیا۔پاکستان کو دنیا بھر کے مسلمانوں کی اُمید قرار دیتے ہوئے فریڈم پارٹی نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ مضبوط پاکستان جنوب ایشیائی خطے کے اندر ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔نیشنل فرنٹ نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان مسلم دنیا کے اندر اہم کردار ادا کرتا رہے گا اور مظلوم انسانوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔نیشنل فرنٹ نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان جنوب ایشیائی خطے کی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے اس لئے ہر پاکستانی شہری کو چاہئے کہ وہ ملک کی ترقی کیلئے دن دوگنی رات چوگنی کام کرے۔ اہل پاکستان کو اُن لاکھوں لوگوں کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہئے جنہوں نے قیام پاکستان کی خاطر اپنا سب کچھ نچھاور کردیا۔