مظفر آباد// متحدہ جہاد کو نسل کے چیئر مین اور حزب سربراہ سید صلاح الدین نے پاکستان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا بنیادی فریق ہے اسی لئے گذشتہ 70 برسوں سے تحریک آزادیٔ کشمیر کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا چلا آرہا ہے۔متحدہ جہادکونسل کے ترجمان سید صداقت حسین کے مطابق صلاح الدین جہاد کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی وجہ سے آج تک دو پاک بھارت جنگیں ہوچکی ہیں اور تیسری جنگ کے بادل سرحدوں پر منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی عوام نے آزادی کے حصول کے لئے جان و مال اور آبرو کی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ صلاح الدین نے کہا کہ ریاستی عوام ہر گلی کوچے میں فورسز کے ساتھ نبرد آزما ہیں اور تاحصول آزادی اس جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہ کہاعالمی اداروں اور طاقتوں کی بے رخی اور سرد مہری کی وجہ سے بھارت ہٹ دھرمی کررہا ہے اور کشمیریوں پر ڈھائے جارہے مظالم میں بے پناہ اضافہ ہو اہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر ایک جاندار اور نتیجہ خیز پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔