مظفرآباد//حکومت پاکستان کی اپیل پر پاکستان اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر بھر میں کشمیر میں افواج کے مظالم کی مذمت اور جموں وکشمیر کے حریت پسند عوام سے یکجہتی کے لئے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ۔اس حوالہ سے مظفرآباد میں مرکزی احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر کے تمام ڈویژنل و ضلعی سطح پر احتجاجی جلسے ، ریلیاں منعقد ہوئی ۔ دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ احتجاجی جلسہ سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر ،ممبر ہائوس آف لارڈز ، لارڈز نذیر احمد ، تحریک انصاف کے راہنما خواجہ فاروق احمد ، نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان ، مولانا محمود الحسن اشرف ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے راہنما سید منظور حسین شاہ ،لبریشن لیگ کے راہنما خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ ، چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل آزادکشمیر سید شبیر حسین بخاری ، وائس چیئرمین بار کونسل چوہدری شوکت عزیز ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف ،وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ، وزیر بحالیات ناصر حسین ڈار ، سیکرٹری صاحبان حکومت ، وکلاء ، تاجر ، ملازمین تنظیموں ،مہاجرین ، طلباء و طالبات ، صحافی اور مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔ احتجاجی جلسہ میں مختلف سکولوں کے بچوں نے کشمیری ترانے بھی پیش کیے ۔ بعدازاں احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ۔