عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ کی چیئر پرسن پوجا ٹھاکر کی قیادت میں پاڈر کے ایک وفد نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کو پاڈر ناگسینی کے مکینوں کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا ۔ پیش کئے گئے اہم مطالبات میں سڑک کے رابطوں کو بہتر بنانا ، بجلی کی فراہمی کے مسائل کو حل کرنا ، صحت کی سہولیات میں اضافہ اور خطے میں زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانا شامل ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو غور سے سُنا اور فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے متعدد نمایاں مسائل کے جلد حل کیلئے متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ بعد ازاں ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز ( اے او آئی ) گنگیال جموں کے ایک وفد نے وریندر جین کی قیادت میں صدر اور دیگر عہدیداروں نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔ وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کو مائیکرو /چھوٹے صنعتی شعبے ، خاص طور پر جموں اور عمومی طور پر جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔ ملاقات کے دوران نئی صنعتی پالیسی اور مراعات کے پیکج کو شروع کرنے پر زور دیا گیا جس کا آپریشن حصہ نئی اور موجودہ صنعت کیلئے بھی مساوی ہونا چاہئیے ۔ وفد نے مقامی مائیکرو /چھوٹے سیکٹر کو مالی مراعات کی بروقت ادائیگی کے ذریعے کم از کم جموں و کشمیر میں جی ایس ٹی رجیم کو اپنانے سے پہلے مروجہ رقم کے مساوی طور پر وی اے ٹی معافی ، سی ایس ٹی اور ٹول ٹیکس کی چھوٹ کے علاوہ سنٹرل ایکسائیز ڈیوٹی ریفنڈ کے ذریعے معاوضہ دینے پر زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل پر غور کیا جائے گا اور ان کا مناسب طریقے سے ازالہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں پائیدار صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔