کشتواڑ //بدھ کی صبح بٹوت کشتواڑ شاہراہ چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دی گئی۔ درابشالہ کے مقام پر قریب 300فٹ سڑک کا ٹکڑا پوری طرح دھنس جانے کے بعد یہ اہم شاہراہ پانچ دن تک مسلسل بند رہی اس کی بحالی کے لئے محکمہ تعمیرات عامہ نے افرادی قوت اور مشینری جھونک دی تھی تاہم چٹانوں کے کھسکنے کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے بحالی کا کام متاثر ہو رہا تھا۔ بدھ کی صبح 10:30بجے چھوٹی گاڑیوں کو پسی عبور کرنے کی اجازت دی گئی تاہم ابھی بھی ملبہ گرنے کا خطرہ بنا ہوا ہے کیوں کہ کچھ چٹانیں گرنے کو تیار ہیں۔ مابعد اشیائے ضروریہ کو لے کر کچھ گاڑیاں قصبہ میں پہنچ گئیں جن میں راشن، سبزیاں، چکن، پھل، تیل خاکی، پٹرول اور ڈیزل سے بھرے ٹرک شامل ہیں۔ دریں اثنا تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے اپنے دفتر میں اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں مغل روڈ، بٹوت ۔ کشتواڑ سڑک اور ڈوڈہ و کشتواڑ کی اندرونی سڑکوں کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا ۔تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر نے وزیر کو بتایا کہ اس سلسلے میں ان خطوںکا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔انہوںنے وزیر کو بتایا کہ ٹھاٹھری کے نزدیک سڑک کی خرابی کے نتیجے میں ٹریفک بند رہا تاہم اب اس سڑک کو ٹھیک کرکے بحال کیا گیا ہے۔وزیر نے محکمہ تعمیرات عامہ کو اس سلسلے میں افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کر کے دِن رات کام کرنے کے احکامات دئیے تاکہ ان سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے ۔انہوں نے ریاست کے برف والے علاقوں اور برفبانی تودے گر آنے سے متاثرہ سڑکوںکی فوری بحالی کے احکامات دئیے۔وزیر نے کہاکہ ریاست کی اقتصادی حالت بدلنے کے لئے سڑک رابطوںکو مستحکم کرنا لازمی ہے۔