سید اعجاز
پلوامہ//جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پامپور علاقے میں دھان کی کھیت سے ایک پولیس افسر کی گولیوں سے چھلنی لاش بر آمد کی گئی۔
متوفی پولیس افسر کی شناخت فاروق احمد میر ولد عبدالغنی میر ساکن سامبورہ کے بطور ہوئی ہے۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس واقعے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ’آئی آر پی کی 23 بٹالین سے وابستہ ایس آئی (ایم) فاروق احمد میر ساکن سامبورہ کی لاش اس کے گھر کے نزدیک دھان کی کھیت سے بر آمد کی گئی۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا: ’ابتدائی تحقیقات سے منکشف ہوا ہے کہ وہ گذشتہ شام گھر سے کھیت میں کچھ کام کرنے کی غرض سے نکلا تھا جہاں ان کو جنگجوؤں نے پستول سے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا‘۔
متوفی پولیس افسر کے پسماندگان میں والدین اور اہلیہ کے علاوہ تین بچے ہیں جن میں سے دو بیٹیاں شامل ہیں۔