سید اعجاز
پلوامہ//پانپور علاقے میں دو روز قبل ایک بہو کی سسرال میں پر اسرار موت واقعہ ہونے کی پاداش میں پولیس نے مقتول خاتون کے دیور کو گرفتار کیا۔منگل کے روزپولیس نے بتایا کہ8جنوری کو5بج کر30منٹ پر پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک 40سالہ خاتون(بہو) روزی جان زوجہ مظفر احمد گائی ساکن کدل بل پانپور کی لاش پائی گئی۔سسرال والے بہو کی لاش ایس ڈی ایچ پانپور لے آئے اورپولیس فوری طور پر اسپتال پہنچ گئی اور طبی و قانونی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد موت کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے دفعہ 174 CrPC کے تحت تفتیشی کارروائی شروع کی۔ ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف نے ایس ڈی پی او پانپور کی نگرانی میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی اور تحقیقات کو فوری طور پر شروع کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران متوفی کے شوہر سمیت خاندان کے کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا۔
خصوصی تفتیشی ٹیم نے مزید پوچھ گچھ کے لیے مقتول کے دیورالطاف احمد گنائی کو بلایااور مسلسل پوچھ گچھ کے بعد، انہوں نے اپنی بھابھی کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ چونکہ اس کی بھابھی گھر میں اکیلی تھی، اس لیے اس کی تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کا جنسی استحصال کرنے کی کوشش کی، تاہم متوفی نے اس کی سخت مزاحمت کی اور شور شرابہ کیا۔ ملزم نے مزید بتایا کہ اگرچہ اس نے پہلے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن جب اس نے مدد کے لیے مسلسل پکارا تو اس نے اسے گلا دبا کر قتل کردیا اور اس کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔مزید تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ شام 5بجے کے قریب مقتول کی 11 سالہ بیٹی اپنے گھر واپس آئی اور اپنی ماں کو بظاہر مردہ دیکھ کر مدد کے لیے پکاراجس کے بعد حیرت انگیز طور ملزم سمیت کچھ پڑوسی آئے اور خاتون کو ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ملزم الطاف احمد گنائی ولد مرحوم شعبان گنائی 44سالہ، پیشہ سے ڈرائیور ہے جو غیر شادی شدہ ہے اور ایک ہی گھر میں الگ رہ رہا ہے ۔اس سلسلے میں، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 05/2023 پہلے ہی پولیس اسٹیشن پانپور میں درج ہے اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔