سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے شہر خاص کے پاندان نوہٹہ میں ہولناک آگ کے واقعہ میں متعدد رہائشی مکانوں کے خاکستر ہونے پررنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ آتشزگان کی فوری بازآبادکاری کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور فی الوقت متاثرین کے قیام و طعام کا انتظام کیا جائے کیونکہ اس ہولناک آگ نے ان کنبوں کو بے سر و سامان رکھ کے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کیلئے اقدامات کرنے پر زوردیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی متاثرین کے حق میں معقول مالی امداد فراہم کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ ماضی کے مجوزہ پروجیکٹ کے تحت متاثرین کو دوسرے مقامات پر اراضی فراہم کریں کیونکہ یہ علاقہ انتہائی گنجان ہے اور ہمیشہ ایسے خطرات کا پیش خیمہ رہتا ہے۔