بارہمولہ // بارہمولہ قصبہ میں پارکنگ کی عدم دستیابی کی وجہ سے روزانہ ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں اور عام لوگوں کے ساتھ ساتھ طالب علموںکو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ قصبہ کے مین چوک،سیمنٹ پُل،جدید روڑ،آر اینڈ بی روڑ،نانک بھون نیشنل ہائی وے کے علاوہ کئی علاقوں میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ۔بس اسٹینڈ سے مین چوک تک روزانہ سخت ترین ٹریفک جام رہتاہے جبکہ تحصیل روڈ سے لیکر نانک بھون تک سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹی بڑی گاڑیاں گھنٹوں درماندہ رہتی ہیں ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے اکثر بدترین ٹریفک جام رہتا ہے جہاں عوام کو منزلوں تک پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں طالب علموں کو وقت پر کالجوں ،ٹیوشن سینٹروں اور یونیورسٹیوں تک پہنچتے پہنچتے روز دیر ہوجاتی ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر قصبے میں ایک یا دو مقامات پر پارکنگ کا انتظام ہوجاتا تو اتنا بدترین ٹریفک جام نہیں رہتا ۔ لو گوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ وہ قصبہ میں پارکنگ قائم کرکے عوام کو ٹریفک جام کے عذاب سے نجات دلائیں۔