نئی دہلی//کانگریس نے اپنے رہنماؤں، کارکنان اور میڈیا سے پارٹی کے مستقبل سے متعلق کیے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں قیاس آرائیاں نہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ کانگریس کے میڈیاانچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کے حق میں کیے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں کسی طرح کی قیاس آرائی اور افواہ کے جال میں پھنسنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پارٹی کو مضبوط کرنے اور اس کے روشن مستقبل کے لیے جوبھی فیصلہ کیا جائے گا اس کی اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مجلس عاملہ پارٹی کی اعلیٰ پالیسی ساز یونٹ ہے ۔ اس جمہوری اسٹیج پر تبادلہ افکاروخیالات کے بعد پالیسیاں طے کی جاتی ہیں اورپارٹی کے حق میں مناسب اقدامات کیے جاتے ہیں۔ کانگریس مجلس عاملہ کی میٹنگ 25 مئی کو ہوئی تھی جس میں اراکین نے پارٹی کی صورتحال پر غور و خوض کیا تھا۔ اس میٹنگ میں لوک سبھا الیکشن میں پارٹی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اختیار پارٹی کے صدر راہل گاندھی کے ہاتھ میں ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مجلس عاملہ کی میٹنگ بند کمرے میں ہوتی ہے اور خفیہ ہوتی ہے اس لیے پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ ہی میڈیا کو بھی اس کی پاکیزگی کا احترام کرنا چاہیے ۔ اس میٹنگ میں ہونے والی بحث کے تعلق سے اندازے کی بنیاد پر قیاس آرائی کرنا، گپ شپ یا افواہیں پھیلانا غلط ہے ۔ کانگریس مجلس عاملہ مجموعی طور پر پارٹی کی کارکردگی، اس کے سامنے موجود چیلنجز اور اس کے مستقبل کے سلسلے میں غوروخوض کرتی ہے اور فیصلہ کرتی ہے ۔