یو این آئی
نئی دہلی// اٹھارہویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس پیر کو شروع ہوتے ہی انڈیا اتحاد کے لیڈروں نے پارلیمنٹ کے احاطے میں اپنے ہاتھوں میں آئین کی کاپی پکڑ کر احتجاج کیا کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی صدر ملک ارجن کھڑگے سمیت کئی لیڈروں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ کانگریس کے لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا ’’ہم جمہوریت کے محافظ ہیں۔ ہم آئین کے تحفظ اور اسے برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم ناانصافی کے خلاف لڑنے کے اپنے عزم میں متحد ہیں‘‘۔اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت پر آئین کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کے کئی لیڈران بشمول مسٹر اکھلیش یادو اور محترمہ ڈمپل یادو بھی اپنے ہاتھوں میں آئین کی کاپی لے کر پارلیمنٹ پہنچے۔قابل ذکر ہے کہ پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب پیر اور منگل کو نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کو حلف دلائیں گے۔
آئین پر حملہ برداشت نہیں کرینگے:راہل
یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ مسلسل آئین پر حملہ کر رہے ہیں اور کانگریس اسے کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کر سکتی ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے گاندھی نے پیر کو کہا “دیکھو، وزیر اعظم اور امت شاہ جی آئین پر جو حملہ کر رہے ہیں، وہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے، ہم اسے ہونے نہیں دیں گے۔ اسی لیے ہم نے حلف لیتے وقت آئین کو اپنے ہاتھ میں رکھا تھا۔آئین کو ہاتھ میں لے کر لوک سبھا میں حلف لینے جانے کے سوال پرصحافیوں کو آئین کی کاپی دکھاتے ہوئے راہل نے کہا ’’ یہ ایک پیغام ہے اور اس کا پیغام جا رہا ہے۔ ہندوستان کے آئین کو کوئی طاقت ہاتھ نہیں لگا سکتی ‘‘۔ایک اور ٹویٹ میں کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ ہاتھوں میں آئین کی کاپی اور دلوں میں اس کا احترام ہے ۔ دنیا کی کوئی طاقت اسے چھو نہیں کر سکتی، انڈیا اتحاد اپنی پوری طاقت سے اس کی حفاظت کرے گا۔