یو این آئی
نئی دہلی// سترہویں لوک سبھا کے 13 ویں اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کل کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں ہم نئے وشوس، نئے جوش اور نئی امنگ کے ساتھ جائیں گے ۔ انہوں کہا کہ پارلیمنٹ کے 75 سال کے شاندار کام کاج ، کھٹی میٹھی یادوں ، تجربات اور ملک کے لئے ہمارے سابقہ رہنماوں کے گرانقدر رول کو یاد کرنے کا دن ہے ۔ وزیراعظم نے لوک سبھا کے افتتاحی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی تاریخی پرانی عمارت سے ہم رخصت ہو رہے ہیں یہ ہمارے لئے انتہائی جذباتی لمحہ ہے ْ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت کو بیشک غیرملکی حکمرانوں نے تعمیر کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن اس کی تعمیر میں محنت ،پسینہ اور پیسہ ہمارے لوگوں کا لگا تھا۔ پارلیمنٹ میں 75 برس کے سفر میں ہمارے منتخب نمائندوں نے بڑی ایمانداری ، محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا، جس کی یہ عمارت گواہ رہی ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہم نئی عمارت میں جارہے ہیں لیکن پارلیمنٹ کی پرانی عمارت بھی ہماری نئی نسلوں کے لئے یادگار اور بدستور قابل ترغیب رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امرت کال کی روشنی میں نیا وشواس ، نیا آتم وشواس اور نئی امنگ کا پوری دنیا میں ہندوستان کی کامیابیوں کا ذکر ہو رہا ہے ۔ مسٹر مودی نے چندریان 3 ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی شاندار کامیابیوں پر نہ صرف ہندوستان کو فخر ہے بلکہ پوری دنیا کو اس کامیابی پر ناز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے 140 کروڑ لوگوں اور ہمارے سائنسدانوں کی محنت، لگن اور طاقت کا نتیجہ ہے ، جس کے لئے ہمارے سائنسداں قابل مبارکباد ہیں۔ حال ہی میں نئی دہلی میں منعقدہ جی ۔ 20 سمٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک کے 140 کروڑ لوگوں کی کامیابی ہے ، کسی ایک فرد یاا یک پارٹی کی نہیں۔ جی ۔ 20 کی شاندار کامیابی کی آج پوری دنیا میں سراہنا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو جی ۔ 20 کی سربراہی ملنے کے بعد سے پورے ملک میں تقریباً 200 کانفرنسیں منعقد کی گئیں۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں مزید کہا کہ ہندوستان کی سربراہی میں جنوبی افریقہ کو جی ۔ 20 کا رکن بنایا جانااور اتفاق رائے سے ڈکلیئریشن کو منظور کیا جانا ملک کے لئے قابل فخر بات ہے ۔
راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی | آج سے کارروائی نئی عمارت میں ہوگی
عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی// راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے پیر کو کہا کہ ایوان کی کارروائی منگل کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی۔پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پہلے دن مسٹر دھنکھر نے “آئین ساز اسمبلی سے پارلیمانی سفر کے 75 سال – کامیابیاں، تجربات، یادیں اور سیکھنے ” کے موضوع پر بحث ختم کرنے کے بعد کارروائی کل شام 6 بجے تک ملتوی کر دی۔انہوں نے کہا کہ تمام ممبران نے بحث کے دوران اپنے تجربات شیئر کیے اور تفصیل سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحث مکمل طور پر بامعنی اور فائدہ مند تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی منگل کی دوپہر 2:15 تک ملتوی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اب ایوان بالا کی کارروائی نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوگی۔