عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ وزیر سید الطاف بخاری نے ہفتہ کو اس بات کا اعادہ کیا کہ اپنی پارٹی سچائی اور شفافیت کی سیاست کی نمائندگی کرتی ہے، اور امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کے لوگ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو اقتدار میں لائیں گے۔چھانہ پورہ سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی ایک ایسے وقت میں وجود میں آئی جب جموں و کشمیر کے سیاسی منظر نامے پر مکمل اندھیرا چھایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کا مقصد سچائی اور شفافیت کی سیاست کرنا اور لوگوں کو گزشتہ 70 سالوں کے دوران روایتی سیاسی جماعتوں کے فریب سے آگاہ کرنا ہے۔بخاری نے کہا”روایتی سیاسی جماعتوں نے پچھلے70 سالوں سے دھوکہ دہی کی سیاست کی اور معصوم لوگوں کو ناقابل حصول نعروں پر دھوکہ دیا۔ لیکن اس کے برعکس اپنی پارٹی سچائی اور شفافیت کی سیاست کے ساتھ سامنے آئی ہے۔ ہم ان مسائل پر بات کریں گے جو حاصل ہو سکتے ہیں‘‘۔
انہوں نے پارلیمانی اور اسمبلی دونوں انتخابات میں عوام سے تعاون طلب کیا اور امید ظاہر کی کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں اگلی حکومت بنائے گی۔ بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی تمام پارلیمانی حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور مزید کہا، “ایک بار جب الیکشن کمیشن آف انڈیا اپنا جموں و کشمیر کا دورہ مکمل کر لے گا، پارٹی امیدواروں کی فہرست مشتہر کی جائیگی “۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر میں پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نہیں جانتا کہ کون کس کو سپورٹ کرے گا لیکن یہ ظاہر ہے کہ الطاف بخاری حلقہ چھانہ پورہ سے الیکشن لڑیں گے۔