جموں //الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ایک ٹیم4مارچ کو ریاست کے دورے پر آرہی ہے اور ریاست میں سیکورٹی صورتحال اور لوک سبھااور اسمبلی چنائو کی تیاریوں کا جائزہ لے گی۔ اس دوران پارلیمانی چنائو کے پیش نظرانتظامیہ نے ریاست میں گزیٹیڈ آفیسروں کی چھٹی منسوخ کی ہے۔ریاستی الیکٹورل آفیسر شلیندر کابرا نے کہا کہ انتخابات کے پیش نظر ریاست میں پہلے سے ہی تیاریاں شروع کی گئیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ووٹران کی فہرست مکمل کی گئی ہے اورووٹران کے اندراج کا عمل 31جنوری تک مکمل ہوا ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 17,000اضافی ووٹنگ مشینیں دستیاب رکھی گئیں ہیں۔اس دوران ریاستی حکومت نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر 25فروری سے تمام گزیٹیڈ افسران کی تعطیلات منسوخ کرنے کافیصلہ کیاہے ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہوئے ایک حکمنامہ کے مطابق 2019کے عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے ماسوائے میڈیکل، چائلڈ کیئر یا سٹڈی کے مقاصد کے ،25فروری سے گزیٹیڈافسران کی ہر قسم کی تعطیلات منسوخ کی جارہی ہیں ۔حکمنامہ میں مذکورہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی تعیناتی والی جگہ رپورٹ کریں۔حکمنامہ کے مطابق تمام افسران انتخابات کا عمل مکمل ہونے تک اپنی اپنی جگہوں پر دستیاب رہیںگے ۔