عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ //جموں و کشمیر کے بی جے پی صدر رویندر رینہ، سابق نائب وزیر اعلی ڈاکٹر نرمل سنگھ اور بی جے پی کے ضلع صدر ٹھاکر درشن سنگھ نے بلاور میں بی جے پی بلاور اسمبلی حلقہ کے کارکنوں کی میٹنگ میں شرکت کی۔رویندر رینہ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور عوام کو جمہوریت کی مضبوطی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے قابل فخر لمحہ ہے کہ جموں و کشمیر اور باقی ملک کے لوگوں نے قوم کے مفاد میں ووٹ دیا ہے اور جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی تیسری میعاد اس بات کو یقینی بنائے گی کہ غریبوں کی بہبود کے بقایا کام مختصر وقت میں مکمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ سماج کے تمام طبقات بالخصوص غریبوں کی بھلائی کے لئے کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’مودی نے ضرورت مندوں اور مظلوموں کے لیے پالیسیاں اور اسکیمیں بنائی ہیں اور ان پر عمل کیا ہے‘‘۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے علاقے کے محنتی اور لگن سے کام کرنے والے کارکنوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے مشکل حالات اور مخالف ماحول میں سخت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی براہ راست رہنمائی میں مقامی ممبر پارلیمنٹ نے قوم کے اس طبقہ کو جو ترقی دی ہے اس کے عوام خود گواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو دیہات سات دہائیوں سے بنیادی سہولیات سے محروم تھے، انہیں اس دہائی میں سڑکیں، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی، موبائل ٹاور اور دیگر سہولیات میسر آئیں۔