یو این آئی
نئی دہلی//پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 18 ستمبر کو پرانی عمارت میں شروع ہوگا اور بعد میں گنیش چترتھی کے موقع پر 19 ستمبر کو نئی عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔مرکز نے 18 سے 22 ستمبر کے درمیان پانچ دنوں کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔دریں اثنا، انڈیا بلاک کی 24 جماعتوں نے 18 ستمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں شرکت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی ان 24 جماعتوں کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھیں گی۔ ذرائع نے کہاکہ یہ فیصلہ انڈیا بلاک لیڈروں کی میٹنگ میں لیا گیا۔انڈیا بلاک پارٹیوں کے لیڈروں کی میٹنگ پیر کی شام دہلی میں کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ہوئی۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں اٹھائے جانے والے معاملات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔