سرینگر//حریت (ع) ترجمان نے شہر و دیہات میں پے در پے شرمناک واقعات کے پس منظر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے دیئے گئے احتجاجی ہڑتال پرحریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کوخانہ نظر بند رکھنے کی مذمت کی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ حکمران طبقہ ہر محاذ پر اپنی نا اہلیت اور ناکامی کو چھپانے کیلئے بار بار سرکردہ مزاحمتی قائدین کو خانہ وتھانہ نظر بند کرنے میں ہی اپنی عافیت سمجھتی ہے اور اس طرح کی کارروائیاں بالادستی کی پالیسیوں سے عبارت اور انتقام گیری پر مبنی ہیں۔ترجمان نے شہر خاص کے بیشتر علاقوںمیں کرفیو، بندشوں، قدغنوں کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوںکا مقصد آبادی کے ایک بڑے حصے کو مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار کرانا ہے ۔