پائین شہر میں آنکھوں کی جانچ کا مفت کیمپ ۔ 100سے زائد مقامی دستکاروں اور انکے کنبوں کی شرکت

 بلال فرقانی

سرینگر// پائین شہر کے عالی کدل میں جمعہ کو دستکاروں کیلئے آنکھوں کی جانچ کا کیمپ منعقد کیا گیاجس میں 100 سے زائد مقامی دستکاروں اور ان کے کنبوں کی مفت آنکھوں کی جانچ کی گئی۔ہیلپ فائونڈیشن کی طرف سے منعقدہ اس کیمپ میں ایسِلر کے سربراہ، مہیش نے دستکاروں میں عینکیں بھی تقسیم کیں۔ یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ ہیلپ فاؤنڈیشن اس خطے کے ثقافتی ورثے میں اہم کردار ادا کرنے والے دستکاروں کی صحت کی حمایت میں پرعزم ہے۔جمعہ کو ہی ہیلپ فاؤنڈیشن نے ون سائٹ ایسِلر کے ساتھ مل کر امر سنگھ کلب میں ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کے ساتھ ایک سہ فریقی مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس مفاہمت نامہ کا مقصد جموں و کشمیر بھر میں، خاص طور پر کمزور طبقوںکے لیے معیاری آنکھوں کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔