کپوارہ// کپوارہ کے متعدد علاقوں میں لوگ پینے کے صاف پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔ لوگو ں نے الزام گایا کہ پنزگام کے مقام پر پانی فراہم کر نے والی پائپ پھٹ گئی ہے جس کی ابھی تک مرمت نہیں کی گئی اور کرالہ پورہ ،ترہگام اور کپوارہ قصبہ کئی روز کے دوران پینے کے پانی سے محرو م ہیں ۔ایک ہفتہ قبل موسلا دھار بارشو ں کی وجہ سے زمین کھسکنے کی وجہ سے پنزگام کے مقام پر سپلائی پائپ پھٹ گئی ہے جس کے نتیجے میں کرالہ پورہ ،شولورہ ،گوفہ بل ،شمناگ ،گوگلوسہ اور کپوارہ قصبہ کی وسیع آ بادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ابھی تک محکمہ پی ایچ ای نے پائپ کی مرمت کر کے پینے کے پانی کی سپلائی بحال نہیں کی ہے۔کرالہ پورہ قصبہ کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ وہ زون ریشی واٹر سپلائی سکیم کے ذریعے پینے کا پانی حاصل کرتے ہیں لیکن وہ گزشتہ ایک ہفتہ سے پانی کی سپلائی سے محروم ہیں ۔اس دوران گوفہ بل شولورہ کے لوگو ں نے بتا یا کہ کئی روز قبل گوفہ بل کو سپلائی کرنے والی پائپ کسی جگہ بند ہوگئی لیکن اس پائپ کی مرمت نہیں کی گئی ۔اس حوالے اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر پی ایچ ای کرالہ پورہ سب ڈویژن شبیر احمد نے اس بات کی تصدیق کی کہ کرالہ پورہ اورددیگر علاقوں کو کئی روز سے پینے کا پانی فراہم نہیں ہورہا ہے کیونکہ پنزگام کے مقام پر بھاری چٹان کھسکنے کے نتیجے میں پانی کی سپلائی لائن کو نقصان پہنچا ہے تاہم وہ سرعت سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ لوگوں کو پینے کا پانی فراہم ہوسکے۔