راجا ارشاد احمد
گاندربل//ٹی 20 بلاسٹ شالہ بگ 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے سیزن کے پہلے سیمی فائنل میں شالہ بگ بلاسٹر نے فوڈ نیسٹ ٹھیون کنگن کو 47 رنوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ اتوار کو شالہ بگ کھیل میدان میں پہلے سیمی فائنل میں شالہ بگ بلاسٹر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔شالہ بگ بلاسٹر کے پہلے دو کھلاڑی 21 رن بناکر آوٹ ہوگئے جس سے ٹیم دباؤ میں آگئی تاہم شیخ تصدیق اور عرفید کھانڈے نے تیسری وکٹ کی شراکت داری میں 125 رنوں بنائے جس سے شالہ بگ بلاسٹر بہترین مقام پر پہنچ گئی۔شیخ تصدیق نے طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 95 رن بنائے۔ انہوں نے میدان کے چاروں طرف زبردست شارٹ کھیلے۔ مقررہ 20 اوروں میں شالہ بگ بلاسٹر نے 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 220 رن بنائے۔ مقررہ ہدف کے تعاقب میں فوڈ نیسٹ ٹھیون کنگن نے 8 کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے پر 173 رن ہی بنالئے۔ عضیر نے 31 گیندوں پر 60 رن اور ساحل ڈار نے 30 گیندوں پر 53 رن بنائے۔ اس طرح شالہ بگ بلاسٹر نے میچ میں 47 رنوں سے جیت حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔ شیخ تصدیق کو بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔