ایجنسیز
ممبئی/آئی سی سی نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ 7فروری سے شروع ہو گا۔ٹی 20ورلڈ کپ 2026کے گروپ مرحلے میں ہندوستان اور پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گے ۔ یہ میچ شائقین کے لیے سب سے زیادہ متوقع اور سنسنی خیز مقابلہ سمجھا جا رہا ہے ۔ 2025کے ایشیا کپ کے بعد دونوں ٹیموں کی پہلی ٹکر ہو گی، یہ بڑا مقابلہ آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کو امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا کے ساتھ ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے ۔ ہندوستان اپنا پہلا گروپ میچ 7 فروری کو ممبئی میں امریکا کیخلاف کھیلے گا، 12 فروری کو نئی دہلی میں نمیبیا کے خلاف مقابلہ ہو گا۔ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں روزانہ 3 میچ کھیلے جائیں گے ۔ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہنے والے ورلڈ کپ کی ہندوستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے ، پاکستان اپنے تمام میچ کولمبو یا کینڈی میں کھیلے گا۔ فارمیٹ 2024 کے جیسا رکھا گیا ہے ، جس میں 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں سپر-8 میں جائیں گی، جہاں دوبارہ انہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ سپر-8 کے گروپوں میں ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔اگر ہندوستان گروپ اسٹیج سے آگے بڑھتا ہے تو ان کے سپر-8 کے تین میچ احمد آباد، چنئی اور کولکتہ میں ہوں گے ۔ اگر وہ سیمی فائنل (فائنل-4) تک پہنچے تو ان کا سیمی فائنل ممبئی میں ہوگا۔یہ سمجھا جا رہا ہے کہ آئی سی سی نے کولمبو یا کولکتہ کو دوسرے سیمی فائنل کے لیے آپشن کے طور پر رکھا ہے اور فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ سری لنکا یا پاکستان میں سے کوئی سیمی فائنل میں پہنچتا ہے یا نہیں۔ اگر پاکستان فائنل میں پہنچتا ہے تو میچ کولمبو میں ہوگا، ورنہ فائنل احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔