اننت ناگ//واجب الادا رقومات کی عدم ادائیگی کے خلاف ٹھیکداروں نے10فروری سے علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے دوسرے مرحلے پر تعمیراتی پروجیکٹوں پر سیاہ پرچم نصب کرنے کا پروگرام دیا۔750کروڑ روپے کی رقم سرکار کے پاس واجب الادا اور اس کی واگزاری میں تاخیر کے خلاف ٹھکیداروں کے مشترکہ پلیٹ فارم سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے27فروری سے تعمیراتی کاموں اور ٹینڈر نظام کے بائیکاٹ کی کال کے بیچ اننت ناگ میںٹھکیداروں کے ایک احتجاجی جلسے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے10فروری کو سرینگر میں24 گھنٹوں تک بھوک ہڑتال کرنے اعلان کرتے ہوئے الٹی میٹم دیا کہ دوسرے مرحلے پر تمام تعمیراتی پروجیکٹوں پر سیاہ پرچم نصب کر کے احتجاج درج کیا جائے گااور سرکار تک یہ پیغام پہنچایا جائے گا،وہ ٹھکیداروں کو زیر نہیں کرسکتی۔ انہوں نے سرکار کو متنبہ کیا وہ ہوش کے ناخن لئے ورنہ انکا حال بھی سابق حکومت جیسا ہوگا اور انہیں بھی عوام سزا دینے سے گریز نہیں کرے گی۔انہوں نے سرکاری کو فوری طور پر 750کروڑ روپے کی رقم واگزار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 70ہزار ٹھکیداروں سے سرکار مزاحمت کرنے کی حامل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ ٹھکیداروں کو بائیکاٹ یا ہڑتال کرنے کا شوق نہیں،تاہم انہیں ہڑتال کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔