ڈوڈہ،قاضی گنڈ//سب ڈویژن ٹھاٹھری میں سڑک کے دو الگ الگ حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹھاٹھری سے چیڑا جار ہی ایک ٹاٹا سومو زیرِ نمبر JK06/3392جنگلواڑ کے قریب بیروڑ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری اور اُس میں سوا چار افراد میں سے دو موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جن کی شناخت الطاف حسین ولدِ محمد اقبال ساکنہ زنہری (ٹھاٹھری) اور یاسر حسین بٹ ولدِ عبدالرشید بٹ ساکنہ زنہری (ٹھاٹھری)کے بطور ہوئی ہے جب کہ توقیر حسین ولدِ رحمت اللہ ساکنہ زنہری اور راشد خان ولدِ منور دین لون ساکنہ رنگولاٹھاٹھری کو شدید زخمی حالت میں ٹھاٹھری اسپتال اور وہاں سے ضلع اسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا جس دوران توقیر حسین بھی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔راشد حسین کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔جنگلواڑ کے نزدیک ہی جے سی بی مشین کو پیش آئے حادثہ میں گرداس پور پنجاب سے تعلق رکھنے والے مشین کے ڈرائیو کی موت واقع ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق جے سی بی مشین کوآرمی کالونی جنگلواڑ کے لئے جانے والی سڑک پر کام کرنے کے دوران حادثہ پیش آیا اور مشین ایک گہری کھائی میں جا گری جس وجہ سے اُس کا ڈرائیور شدید طور زخمی ہوا۔اُسے فوری طور ٹھاٹھری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔دریں اثناء قاضی گنڈ میںتیز رفتار کار نے شہری کو ٹکر مار کر موت کے آغوش میں پہنچایا ۔ماروتی کار زیر نمبر JK03/1501 نے راہ چلتے شہری ریاض احمد لون ولد سناء اللہ لون ساکنہ آری پل ترال کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا ۔اگر چہ مذکورہ شہری کو اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ دوران راستہ ہی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر حادثہ میں ملوث شخص کو گرفتار کیا ہے ۔ادھرگاندربل ،نشاط اوراچھ بل میں سڑک حادثات کے دوران 3مسافروں سمیت5افرادزخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ سڑک حادثے میں ددھرہامہ گاندربل کے نزدیک ایک ٹپر زیرنمبرJK02P-2267 جس کو ڈرائیور عدنان فاروق ولد فاروق احمد گورو ساکن گنگرہامہ گاندربل چلارہاتھا سڑک سے پلٹ کر بجلی کھمبے کے ساتھ ٹکرایا اس حادثے میں مذکورہ ٹپر ڈرائیور زخمی ہوا جس کو علاج و معالجہ کیلئے صورہ میڈکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ اس دوران ایک یاتری بس زیر نمبرCH01TP-0464 جس کو ڈرائیور گورمیت سنگھ چلارہاتھا جس میں 50 یاتری سوار تھے بالتل سے جموںکی طرف واپسی پر نشاط باغ کے نزدیک ایک راہگیر کو ٹکرمارکر شدید زخمی کیا ۔ زخمی کو علاج و معالجہ کیلئے صورہ میڈکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیایاتری گاڑی کو پولیس نے ضبط کیا۔ البتہ سرینگر پولیس نے یاتریوں کیلئے دوسری گاڑی کا انتظام کیاگیا۔ادھرسڑک کے ایک اورحادثے میں میتھمونہ کرانسگ اچھہ بل اننت ناگ کے نزدیک ایک ٹپر زیرنمبرJK13-1271 جس کو ڈرائیور رئیس احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار ساکن ڈھونی پاو َ چلارہاتھا ایک ٹاٹا سومو زیرنمبرJK03C-2157 جس کو ڈرائیور بلال احمد خان ولد منور خان ساکن چاریپورہ چلارہاتھاکے ساتھ ٹکرہوئی ۔ اس حادثے میں محمد امین بٹ ولد محمد رمضان بٹ ساکن بوناڈ ، غلام محی الدین ریشی ولد غلام بنی ساکن شیر گنڈ اور غلام قادر وانی ولد گل محمد ساکن شیر گنڈ زخمی ہوئے جوکہ سومو گاڑی میں سوار تھے جن کوعلاج کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کیا۔