سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ٹریول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف کشمیر کے صدر منظور صدیق کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سیاحتی شعبے کے فروغ کے لئے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مرحوم کے ابدی سکون کے لئے دعا کرتے ہوئے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہا ر کیا ہے۔ادھرمحکمہ سیاحت کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے مرحوم کے انتقال پر تعزیت ظاہر کرتے ہوئے ان کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک محنتی شخص تھے جنہوں نے ریاست میں سیاحتی شعبے کے فروغ کے لئے کافی کام کیا۔ڈائریکٹر سیاحت محمود احمد شاہ نے اپنے تعزیتی پیغا م میں سیاحت کے فروغ کے لئے مرحوم کے رول کو اُجاگرکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست اور ریاست کے باہر تمام روڑ شوز اور سمیناروں میں حصہ لیا اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم ریاض احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر کشمیر پبلسٹی پیرزادہ ظہور احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر کشمیر رجسٹریشن وسیم احمد نے بھی مرحوم کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے۔