پونچھ// ٹریفک پولیس کے اہلکاران نے عید گاہ چوک پونچھ پر ناکہ لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کی اور چالان وغیرہ کئے۔ ڈی وائی ایس پی سید آفتاب حسین بخاری نے اس موقع پر کشمیر عظمیٰ سے گفتگو میں کہا کہ حادثات سے بچنے کے لئے ہر شخص کو ٹریفک قوانین کی پابندی کر نا ہو گی۔انہوں نے کہا ٹریفک قوانین پر عمل کر نے سے ہی ہم اچھے شہری بن سکتے ہیں اور ہماری مشکلات کم ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ استعمال نہ کر نے کی وجہ سے حادثات بڑھ رہے ہیں جن کی روک تھام کے لیے کاروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہذب قومیں ہمیشہ ٹریفک قوانین کا احترام کر تی ہیں تاکہ معاشرے میں بد نظمی نہ پھیلے۔انہوں نے کہا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ روڈ حادثات میں 70 فیصد حادثات نو عمر ڈرائیورز کی وجہ سے رونما ہو تے ہیں۔انہوں نے والدین کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو ہر گز ڈرائیونگ نہ کر نے دیں۔