منڈی//گزشتہ روز ڈینگلہ پونچھ میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ کے بعد منڈی پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شکنجہ کس لیا ہے ۔اس سلسلہ میں ایس ایچ او منڈی انظار میر کی قیادت میں جمعہ کو منڈی تحصیل کے مختلف علاقہ جات میں ناکے لگا کر 10 چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور ڈرائیوروںسے جرمانہ وصول کیا گیا۔خاص طور پر منڈی سے پونچھ اور پونچھ سے منڈی لورن آنے جانے والی گاڑیوں کا سختی سے معائنہ کیا گیا اور جس گاڑی میں ضرورت سے زیادہ لوگ سوار تھے، کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔بعد ازآں ایس ایچ او منڈی انظا رمیر نے بس اسٹینڈ منڈی میں چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں موصوف نے ڈرائیوروں کو ہدایت دی کہ وہ ضرورت سے زیادہ سواریاںنہ بھریںاور سفر کے دوران ایک دوسری گاڑی کے پیچھے دوڑنا ترک کریں تاکہ آئے روز پیش آنے والے سڑک حادثات سے بچا جاسکے اور لوگوں کی جانوں کا تحفظ ہو۔ ایس ایچ او نے گاڑی ایجنٹوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری بھی بنتی ہے کہ وہ گاڑیوں میں ائورلوڈ نہ کروائیں ۔ انظار میر نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہمیشہ عوام کی بھلائی کیلئے کام کرتی ہے ، لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ ان گاڑیوں میں سفر کریں جو ائور لوڈ نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ڈرائیوروںسے کہا ہے کہ وہ گاڑیوں میں ضرورت سے زیادہ لوگوں کو سوار نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی تواس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔