عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مسافر گاڑیوں کی اوور لوڈنگ اور موٹر وہیکل ایکٹ اور سنٹرل موٹر وہیکل رولز کے تحت دیگر بڑی خلاف ورزیوں کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے آر ٹی او، جموں کی رہنمائی میں خصوصی انفورسمنٹ مہم شروع کی۔ بھگوترا اور اکھنور ٹاؤن اور جموں اکھنور روڈ کے اطراف میں ناکے لگائے۔انفورسمنٹ ڈرائیو کے دوران تقریباً 300 گاڑیاں جن میں بسیں، ٹپر، اسکول بسیں، منی بسیں، ٹورسٹ بسیں گڈز کیرئیر، ٹریکٹروغیرہ گاڑیوں کے کاغذات کا معائینہ کیا گیا جبکہ 80 گاڑیوں کو روٹ پرمٹ کی خلاف ورزیوں، اوور لوڈنگ، اوور سپیڈنگ، سیٹ بیلٹ کے بغیروغیرہ کے چالان کئے گئے ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ مختلف قوانین کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں گاڑیوں کے چالان کئے گئے ۔خلاف ورزی کرنے والوں پر 252800جرمانہ عائد کیا گیا۔ چالان جاری کرنے کے علاوہ اوور لوڈ مسافر گاڑیوں میں سے مسافروں کو موقع پر ہی اتار دیا گیا اور اضافی مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لئے گاڑیوں کا انتظام کیا گیا۔ٹریفک حکام نے ڈرائیور وں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ سختی کیساتھ قوانین پر عمل کیا جائے ۔انہوں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی عمل میں ملوث کسی بھی فرد کو بخشا نہیں جائے گا ۔