راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی ہدایت پر محکمہ موٹر وہیکل کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم چلائی گئی جس دوران پچیس گاڑیاں ضبط ہوئیں جبکہ پچیس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیا۔یہ مہم راجوری میں ٹریفک جام کی مسلسل شکایات سامنے آنے کے بعد شروع کی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر راجوری پرمجیت سنگھ ،اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر جگل شرمااور پولیس افسران پر مشتمل ایک ٹیم کو مختلف جگہوں پر بھیجاجس دوران ٹیم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پچیس گاڑیوں کو ضبط کیا جبکہ پچیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا ۔وہیں غلط پارکنگ کرنے والوں کے خلاف بھی نکیل کسی گئی ۔ ڈی سی راجوری نے بتایا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور راہگیروں سمیت بازار میں لگنے والے جام سے نجات دلانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی اور چالان کئے گئے ہیں تاکہ جو گاڑیاں کسی دوسری روٹ کے لئے رجسٹرہیں وہیں چلیں اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ گاڑی مالکان نے پرمٹ ایک جگہ کابنایا ہوا ہے اور گاڑی راجوری قصبہ میں چلارہے ہیں ،اس طرح کے کئی معاملات کو جانچ کے دوران پایا گیا ہے جن کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ انہوں نے عوام سے بھی بتایا کہ وہ غلط پارکنگ سے پرہیز کریں تاکہ راہگیروں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔