حسین محتشم
پونچھ//اےایس پی ٹریفک پونچھ مشیم احمد نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا۔ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے اس لیے پولیس کی جانب سے یہ کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔موصوف کے مطابق پونچھ اور دیگر اضلاع میںگزشتہ کئی مہینوں سے سڑک کے مختلف حادثات رونما ہوئے، جن میں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے لئے کافی حد تک لوگ خود بھی ذمہ دار ہیں کیوں کہ اگر لوگ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کریں گے، تو حادثات کافی حد تک کم ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کل بائیکوں، سکوٹروں اور گاڑیوں کو کم عمر لڑکے چلاتے ہیں اور وہ یہ گاڑیاں بنا کسی ڈرائیونگ لائسنس کے چلاتے ہیں جس کے سبب سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں۔اے ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس اپنی کاروائیوں کو جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کارروائی میں کسی کو شخص کو نہیں بخشا جائے گا جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین عام لوگوں اور ٹرانسپورٹرز کی بہتری اور حفاظت کے لیے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور احتیاط سے گاڑی چلائیں، تاکہ انسانی جانوں کا زیاں نہ ہو۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کی بالکل اجازت نہ دیں۔پولیس کی جانب سے اس دوران لوگوں کو گاڑی پر اعلان کر کے انتباہ دیا گیا کہ اگر کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تو ان پر 26زار روپیہ جرمانہ عائد کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ تین سال کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔