یو این آئی
غزہ// اسرائیل میں ایک ٹرک سے ملنے والی 80 فلسطینیوں کی اعضا کٹی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا۔اسرائیل سے ایک ٹرک غزہ کے جنوبی علاقے میں لایا گیا ہے جس میں 80 نامعلوم فلسطینیوں کی لاشیں تھیں۔ سفاکیت کی انتہا یہ ہے کہ ان لاشوں کے اندرونی اعضا بھی غائب تھے۔فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ان لاشوں کی شناخت بھی نہ ہوسکی اور نہ ہی موت کی وجہ کا تعین ہوسکا جس کے بعد ان لاوارث لاشوں کی رفح میں اجتماعی تدفین کر دی گئی۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد حملے کرکے مزید 240 سے زائد فلسطینیوں کوہلاک کر دیا۔عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے ہلال احمر ہیڈ کوارٹرز میں بھی متعدد شہادتوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں جبکہ خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ فلسطینی ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر پر بھی بمباری کی گئی۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی مزاحمت کاروں کے جوابی وار بھی جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے مزید 2 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید 8 فلسطینی ہلاک ہوگئے جبکہ فلسطینی سیاست دان خالدہ جرار سمیت 55 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔مغربی کنارے میں نورالشمس پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔ اسپتالوں میں سہولیات ناپید ہوچکی ہیں۔