سرینگر//سرینگر جموں شاہراہ پربانہال کے علاقے میں ایک میوہ ٹرک اُلٹنے سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا جس کے نتیجے میں مسافروں کو سخت ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔اس حادثے میں ٹرک کے غیر ریاستی ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو معمولی چوٹیں آئیں۔کے ایم ا ین نمائندے کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پربانہال سے10کلومیٹر دور ناچلانہ کے مقام پر ایک میوہ ٹرک زیر نمبرPN29M/9909اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک کے بیچوں بیچ اُلٹ گیا۔یہ ٹرک سیب لیکر شوپیان سے بنگلور کی طرف جارہا تھا کہ بدھ کی صبح8بجکر45منٹ پر حادثے کا شکار ہوا۔اس حادثے میں ٹرک ڈرائیورلکھویر سنگھ ولد اندرجیت سنگھ ساکن موگا پنجاب اور کنڈیکٹر لکی شرما ولد رام پرساد ساکن برنالہ پنجاب معمولی زخمی ہوئے ، تاہم ٹرک اس طرح اُلٹ گیا کہ شاہراہ پرزبردست ٹریفک جام ہوگیااور سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئیں۔واضح رہے کہ فی الوقت شاہراہ پر گاڑیوں کی یکطرفہ آمدورفت جاری ہے اور بدھ کو گاڑیوں نے وادی سے جموں کی طرف سفر کیا۔حادثے کے فوراً بعد پولیس اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جائے واردات پر پہنچ گئیں اور کرین کے استعمال سے حادثے کا شکار ہوئے ٹرک کو ہٹالیا۔چنانچہ کئی گھنٹوںکی جدوجہد کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی اور مسافروں نے راحت کی سانس لی۔