پرویز احمد
سرینگر //پورے ملک میں 2.1فیصد لوگ ٹانگوں کی بے قراری (Restless Leg syndrome) نامی بیماری سے متاثر ہیں جبکہ وادی کشمیر میں ذہنی امراض میں مبتلا 10فیصد مریضوں میں پائی جاتی ہے۔ ان مریضوں میں مردوں کی شرح 51فیصد جبکہ خواتین کی شرح 49فیصد ہے۔ یہ بیماری اعصابی نظام میں وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور اس بیماری کی بڑی وجہ وٹامن ڈی کی کمی اور زچگی، ذہنی پریشانی دور کرنے کیلئے استعمال ہونے والے ادویات بھی ہوسکتے ہیں۔ ذہنی دبائو مخالف ادویات اور زچگی کی وجہ سے مریضوں خاصکر خواتین میں صورتحال انتہائی خطرناک بھی ہوسکتی ہے۔ اعصابی نظام میں وٹامن ڈی کی کمی سے ہونے والی دیگر بیماریوں میں شوگر، خون کی کمی، ہڈیوں اور جوڑوں کا درد،نیند کی کمی اور دیگر بیماریاں اس مرض کو جنم دیتی ہیں۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کی جانب سے ذہنی مریضوں پر کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 18سے 60سال تک کے مریضوں میں 10فیصد ٹانگوں کی بے قراری کی بیماری سے متاثر ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس میں 51فیصد مرد اور 49فیصد خواتین متاثرہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 51فیصد مریضوں میں وٹامن ڈی کی کمی جبکہ 49فیصد مریضوں میں وٹامن ڈی کی مقدار معمول کے مطابق تھی۔ رپورٹ کے مطابق 10سال تک کے مریضوں میں 35فیصد، 11سے 20سال کے مریضوں میں 31فیصد،21سے 30سال تک کے مریضوں میں21فیصد، 31سے 40سال تک کے مریضوں میں یہ بیماری شدید درجے کی ہوتی ہے۔