بھدرواہ //راشٹریہ سوئم سنگ کے رضاکاروں نے بھدرواہ اور کشتواڑ قصبوں کے مختلف علاقوں میں دسہرہ کا تہوار منانے کے لئے ایک طویل روٹ مارچ نکالا ۔سفید قمیض ، بھورے رنگ کے پاجامے اور کالی ٹوپی میں ملبوس پتھ سنچالک کی قیادت میں حُب الوطنی گانے گاکر آر ایس ایس رضاکاروں نے ایک جلوس نکالا،جو بھارتیہ ودھیا مندر گنپت بازار سے شروع ہوکرمختلف بازاروں بشمول سیری بازار ،لکشمی نرائن چوک ،چوبیا لنک روڈ اور نیو بس اسٹینڈ سے گُذرتے ہوئے تواریخی سیری بازار میں اختتام پذیر ہوا ،جہاں پر شام کو دسہرہ تقریبات منعقدہوئیں۔ کشتواڑ میں بھی آر آر ایس کارکنوں نے ایک ریلی نکالی جو بھارتیہ ودیا مندرکشتواڑ سے شروع ہوکر شہر کے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے بی وی ایم میں ہی اختتام پذیر ہوئی،جہاں پر سنگ پرچارکوں نے والینٹروں کو خطاب کیا۔آر آر ایس کی وردی بدلنے کے بعد یہ وادی چناب میں انکا پہلا بڑا شوو تھا ۔ڈوڈہ میں مذہبی سربراہوں نے فقط شستر پوجا منعقد کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2015میں شستر ریلی منعقد کرنے سے کافی تضاد پیدا ہوا تھا ،جب رضاکاروں نے مبینہ طور سے تلواروں، بندوقوں اور دیگر ہتھیاروں کی نمائش کی۔جبکہ امسال فقط بھانس کی چھڑیاں ہی دکھائی دی گئی تھیں۔