عظمیٰ نیوز ڈیسک
چندی گڑھ//ویلور انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (وی آئی ٹی)نے اپنی 40ویں سالگرہ منائی جس میں ملک کے سابق نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریبات کا افتتاح کیا۔ نائیڈو نے کہا کہ حکومت کو تعلیم، صحت اور زراعت پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے کیونکہ یہ ہمہ جہت ترقی کے لئے بنیادی زور والے شعبے ہیں جن کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ نائیڈو نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’آپ میں سے ہر ایک کو اپنی پوری صلاحیت کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہوگی اور معاشرے کو اس کا حق واپس کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔ ہمیں تعلیم کو جمہوری بنانے اور سیکھنے کو آخری منزل تک لے جانے کے لیے ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانا چاہے۔ معیاری تعلیم سب کیلئے خاص طور پر دیہی غریبوں کیلئے قابل رسائی اور سستی ہونی چاہیے‘‘۔VITکے بانی اور چانسلر ڈاکٹر جی وشواناتھن نے اپنے صدارتی خطاب میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو زیادہ ترجیح دیں اور تعلیم کے لیے مزید فنڈز مختص کریں۔ تعلیم لوگوں کی زندگیوں کو بلند کرنے اور انہیں اچھی روزی روٹی فراہم کرنے میں مدد کرے گی۔